Surah Yunus Ayat 79 (10:79)
Jonah · Juz 11 · Makki
وَ قَالَ فِرْعَوْنُ ائْتُوْنِیْ بِكُلِّ سٰحِرٍ عَلِیْمٍ 79
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور فرعو ن نے کہا: ہر علم والے جادوگر کو میرے پاس لے آؤ۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور فرعو ن بولا ہر جادوگر علم والے کو میرے پاس لے آؤ۔
Tafseer (Urdu)
{و قال فرعون:اور فرعو ن نے کہا۔} سرکش ومتکبر فرعون نے چاہا کہ حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام کے معجزہ کا مقابلہ باطل سے کرے اور دنیا کو اس مغالطہ میں ڈالے کہ حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام کے معجزات معاذ اللہ عزوجل جادو کی قسم سے ہیں اس لئے وہ بولا :حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام کے مقابلہ کیلئے ہر علم والے جادوگر کو میرے پاس لے آؤ۔(خازن یونس تحت الایۃ: ۷۹ ۲ / ۳۲۷) {فلما جآء السحرة:پھر جب جادوگر آگئے۔} جب جادوگر آگئے توان سے حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا: جادو کی جوچیزیں رسے شہتیر وغیرہ تم ڈالنے والے ہو میرے سامنے ڈال دو اور جو تمہیں جادو کرنا ہے کرو ۔ یہ آپ علیہ الصلوۃ والسلام نے اس لئے فرمایا کہ حق و باطل ظاہر ہوجائے اور جادو کے کرشمے جو وہ کرنے والے ہیں ان کا فساد واضح ہو۔(خازن یونس تحت الایۃ: ۸۰ ۲ / ۳۲۷) { فلما القوا:پھر جب انہوں نے ڈال دیا۔} پھر جب انہوں نے اپنے پاس موجود رسیاں اور شہتیر ڈال دیئے تو حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا: جو تم لائے ہو یہ جادو ہے نہ کہ وہ آیات الہیہ جن کو فرعون نے اپنی بے ایمانی سے جادو بتایا۔ بیشک اب اللہ تعالی اسے باطل کردے گا اور اللہ عزوجل فساد والوں کے کام کو نہیں سنوارتا۔(خازن یونس تحت الایۃ: ۸۱ ۲ / ۳۲۷ مدارک یونس تحت الایۃ: ۸۱ ص۴۸۲ ملتقطا) {و یحق الله الحق بكلمته:اور اللہ اپنے کلمات کے ذریعے حق کو حق کر دکھاتا ہے۔} یعنی اللہ عزوجل اپنے حکم اپنی قضاء و قدر اور اپنے اس وعدے سے حق کو حق کر دکھاتا ہے کہ حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام کو جادو گروں پر غالب کرے گا اگرچہ مجرموں کو ناگوار ہو۔ (خازن یونس تحت الایۃ: ۸۲ ۲ / ۳۲۷)