Surah Al Baqarah Ayat 274 (2:274)
The Cow · Juz 3 · Madani
اَلَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَهُمْ بِالَّیْلِ وَ النَّهَارِ سِرًّا وَّ عَلَانِیَةً فَلَهُمْ اَجْرُهُمْ عِنْدَ رَبِّهِمْۚ-وَ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ ؔ 274
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariوہ لوگ جو رات میں اور دن میں ، پوشیدہ اور اعلانیہ اپنے مال خیرات کرتے ہیں ان کے لئے ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے ۔ ان پر نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanوہ جو اپنے مال خیرات کرتے ہیں رات میں اور دن میں چھپے اور ظاہر ان کے لئے ان کا نیگ ہے ان کے رب کے پاس ان کو نہ کچھ اندیشہ ہو نہ کچھ غم۔
Tafseer (Urdu)
{الذین ینفقون اموالهم: وہ لوگ جو اپنے مال خیرات کرتے ہیں۔} یہاں ان لوگوں کا بیان ہے جو راہ خدا میں خرچ کرنے کا نہایت شوق رکھتے ہیں اور ہر حال میں یعنی دن رات خفیہ اعلانیہ خرچ کرتے رہتے ہیں۔ یہ ایت حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے حق میں نازل ہوئی جب آپ نے راہ خدا میں چالیس ہزار دینار خرچ کئے تھے۔ دس ہزار رات میں اور دس ہزار دن میں اور دس ہزار پوشیدہ اور دس ہزار ظاہر۔ (صاوی البقرۃ تحت الایۃ: ۲۷۴ ۱ / ۲۳۲) ایک قول یہ ہے کہ یہ آیت حضرت علی المرتضی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کے حق میں نازل ہوئی جب آپ کے پاس فقط چار درہم تھے اور کچھ نہ تھا اور آپ نے ان چاروں کو خیرات کردیا ایک رات میں ایک دن میں ایک کو پوشیدہ اور ایک کو ظاہر۔(ابن عساکر حرف الطاء فی اباء من اسمہ علی ۴۲ / ۳۵۸) آیت کریمہ میں رات کے خرچ کو دن کے خرچ سے اورخفیہ خرچ کواعلانیہ خرچ سے پہلے بیان فرمایا اس میں اشارہ ہے کہ چھپا کر دینا ظاہر کرکے دینے سے افضل ہے۔ ان سب خرچ کرنے والوں کیلئے بارگاہ الہی سے اجرو ثواب اور قیامت کے دن غم و خوف سے نجات کی بشارت ہے۔