Surah Al Imran Ayat 15 (3:15)
Family of Imran · Juz 3 · Madani
قُلْ اَؤُنَبِّئُكُمْ بِخَیْرٍ مِّنْ ذٰلِكُمْؕ-لِلَّذِیْنَ اتَّقَوْا عِنْدَ رَبِّهِمْ جَنّٰتٌ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَا وَ اَزْوَاجٌ مُّطَهَّرَةٌ وَّ رِضْوَانٌ مِّنَ اللّٰهِؕ-وَ اللّٰهُ بَصِیْرٌۢ بِالْعِبَادِ 15
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attari۔ (اے حبیب!) تم فرماؤ، کیا میں تمہیں ان چیزوں سے بہتر چیز بتادوں ؟ (سنو، وہ یہ ہے کہ) پرہیزگاروں کے لئے ان کے رب کے پاس جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں جاری ہیں ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور (ان کیلئے) پاکیزہ بیویاں اور اللہ کی خوشنودی ہے اور اللہ بندوں کو دیکھ رہا ہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanتم فرماؤ کیا میں تمہیں اس سے بہتر چیز بتادوں پرہیزگاروں کے لئے ان کے رب کے پاس جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں رواں ہمیشہ ان میں رہیں گے اور ستھری بیبیاں اور اللہ کی خوشنودی اور اللہ بندوں کو دیکھتا ہے۔
Tafseer (Urdu)
{قل اؤنبئكم بخیر من ذلكم:تم فرماؤ کیا میں تمہیں ان چیزوں سے بہتر چیز بتادوں } سبحان اللہ! دنیا کی حقیقت بیان کرنے کے بعد کتنے دلنشین اور حسین انداز میں جنت اور رضائے الہی کی طرف دعوت دی جارہی ہے چنانچہ اس فرمان کا خلاصہ یہ ہے کہ’’ اے حبیب! صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم دنیا کی حقیقت اور فنائیت سمجھانے کے بعد تم لوگوں سے فرمادو کہ کیا میں تمہیں عورتوں بیٹوں مال و اولاد سونا چاندی کاروبار باغات عمدہ سواریوں اور بہترین مکانات سے اچھی عمدہ اور بہتر چیز بتادوں سنو وہ اللہ عزوجل کے قرب کا گھر یعنی جنت ہے جس میں دودھ شہد شراب کی نہریں بہہ رہی ہیں جس میں ایسی پاکیزہ بیویاں ہوں گی جوہر قسم کے زنانہ عوارض اور ہر ناپسند و قابل نفرت چیز سے پاک ہوں گی اور اس جنت میں پرہیزگاروں کو ہمیشہ رہنا ہے اور ان سب سے بڑھ کر یہ کہ وہاں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی ہے جو سب سے اعلی نعمت ہے۔ دعا: اے اللہ! عزوجل ہمارے دلوں سے دنیا کی محبت نکال کر اپنی محبت ڈال دے دنیا کی حرص نکال کر اخرت کی طلب داخل کر دے۔