Surah Al Anam Ayat 21 (6:21)
The Cattle · Juz 7 · Makki
وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا اَوْ كَذَّبَ بِاٰیٰتِهٖؕ-اِنَّهٗ لَا یُفْلِحُ الظّٰلِمُوْنَ 21
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے یا اس کی آیتوں کو جھٹلائے۔ بیشک ظالم فلاح نہ پائیں گے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے یا اس کی آیتیں جھٹلائے بیشک ظالم فلاح نہ پائیں گے۔
Tafseer (Urdu)
{ و من اظلم ممن :اور اس سے بڑھ کر ظالم کون} جو کسی کو اللہ عزوجل کا شریک ٹھہرائے یا جو بات اس کی شان کے لائق نہ ہو اس کی طرف نسبت کرے وہ سب سے بڑا ظالم ہے کیونکہ ظلم کہتے ہیں کسی شے کو اس کی اصل جگہ سے ہٹا کر دوسری جگہ رکھ دینا تو جو اللہ عزوجل کے شایان شان نہیں ہے اسے اللہ عزوجل کی طرف منسوب کرنا یقینا سب سے بڑا ظلم ہوگا۔ ظالم کی وعید میں داخل افراد: اس وعید میں مشرک بھی داخل کہ وہ توحید کو اس کی جگہ سے ہٹاتے ہیں اور دیگرکفار بھی داخل ہیں۔ یونہی اس میں فلموں ڈراموں یا کسی بھی ذریعے سے کفریات سیکھ کر بولنے یا خوشی سے سننے والے بھی داخل ہیں کہ وہ بھی اللہ عزوجل کی طرف وہ چیزیں منسوب کرتے ہیں جو اس کی شایان شان نہیں اور اس میں زمانہ ماضی اور خصوصا زمانہ حال کے وہ اسکالرز دانشور اور مفکر بھی شامل ہیں جو دیدہ دانستہ قران کی غلط تفسیریں کرتے ہیں یا نااہل ہوتے ہوئے قران کی تفسیر کرتے ہیں کیونکہ یہ بھی اللہ عزوجل پر جھوٹ باندھتے ہیں۔