Surah Al Mulk Ayat 1 (67:1)
The Sovereignty · Juz 29 · Makki
تَبٰرَكَ الَّذِیْ بِیَدِهِ الْمُلْكُ٘- وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرُﰳ 1
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariبڑی برکت والا ہے وہ جس کے قبضے میں ہی ساری بادشاہی ہے اور وہ ہر چیز پر خوب قادر ہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanبڑی برکت والا ہے وہ جس کے قبضہ میں سارا مُلک اور وہ ہر چیز پر قادر ہے ۔
Tafseer (Urdu)
{تبرك: وہ بڑی برکت والا ہے۔} یعنی اللہ تعالی اپنی ذات میں صفات میں اور افعال میں ازل سے لے کر ابد تک مخلوق کی صفات سے پاک ہے اور صرف اسی کے قبضہ قدرت میں تمام امور میں ہر طرح کا تصرف ہے لہذا وہ جس چیز کا چاہے حکم دے اور جس چیز سے چاہے منع کر دے جو چاہے عطا کرے اور جو چاہے نہ دےجسے چاہے زندگی دے اور جسے چاہے موت دےجسے چاہے عزت دے اورجسے چاہے ذلت دےجسے چاہے غریب بنا دے اور جسے چاہے امیر کر دےجسے چاہے بیمار کر دے اور جسے چاہے شفا عطا کر دےجسے چاہے قریب کر دے اور جسے چاہے دور کر دے جسے چاہے اباد کر دے اور جسے چاہے برباد کر دےجسے چاہے توڑ دے اور جسے چاہے ملا دے اور وہ ہر ا س چیز پر قادر جو اس کی قدرت کے تحت انے کے لائق ہے۔( صاوی الملک تحت الایۃ: ۱ ۶ / ۲۱۹۹ روح البیان الملک تحت الایۃ: ۱ ۱۰ / ۷۳ مدارک الملک تحت الایۃ: ۱ ص۱۲۶۱ ملتقطا) اللہ تعالی کی عظمت و شان: اپنی اسی شان کا ذکر کرتے ہوئے ایک اور مقام پر اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے: ’’قل اللهم ملك الملك تؤتی الملك من تشآء و تنزع الملك ممن تشآء-و تعز من تشآء و تذل من تشآء-بیدك الخیر-انك على كل شیء قدیر‘‘(ال عمران:۲۶) ترجمہ کنزالعرفان: یوں عرض کرو اے اللہ!ملک کے مالک! تو جسے چاہتاہے سلطنت عطا فرماتا ہے اور جس سے چاہتا ہے چھین لیتا ہے اور توجسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلت دیتا ہے تمام بھلائی تیرے ہی ہاتھ میں ہے بیشک تو ہر شے پر قدرت رکھنے والاہے۔ اور ارشاد فرماتا ہے : ’’الم تعلم ان الله له ملك السموت و الارض-یعذب من یشآء و یغفر لمن یشآء-و الله على كل شیء قدیر‘‘(مائدہ:۴۰) ترجمہ کنزالعرفان: کیا تجھے معلوم نہیں کہ آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اللہ ہی کے لئے ہے۔ وہ جسے چاہتا ہے سزا دیتاہے اور جسے چاہتا ہے بخش دیتا ہے اور اللہ ہر شے پرقادرہے۔ اور ارشاد فرماتا ہے: ’’ لله ملك السموت و الارض-یخلق ما یشآء-یهب لمن یشآء اناثا و یهب لمن یشآء الذكور(۴۹) او یزوجهم ذكرانا و اناثا-و یجعل من یشآء عقیما-انه علیم قدیر‘‘(شوری:۴۹۵۰) ترجمہ کنزالعرفان: آسمانوں اور زمین کی سلطنت اللہ ہی کے لیے ہے ۔ وہ جو چاہے پیدا کرے ۔جسے چاہے بیٹیاں عطا فرمائے اور جسے چاہے بیٹے دے۔یا بیٹے اور بیٹیاں دونوں ملا دے اور جسے چاہے بانجھ کردےبیشک وہ علم والا قدرت والا ہے۔