Surah Al Hijr Ayat 47 (15:47)
The Rocky Tract · Juz 14 · Makki
وَ نَزَعْنَا مَا فِیْ صُدُوْرِهِمْ مِّنْ غِلٍّ اِخْوَانًا عَلٰى سُرُرٍ مُّتَقٰبِلِیْنَ 47
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور ہم ان کے سینوں میں موجود کینہ کھینچ لیں گے، وہ آپس میں بھائی بھائی ہوں گے، وہ آمنے سامنے تختوں پربیٹھے ہوں گے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور ہم نے ان کے سینوں میں جو کچھ کینے تھے سب کھینچ لیے آپس میں بھائی ہیں تختوں پر روبرو بیٹھے۔
Tafseer (Urdu)
{و نزعنا:اور ہم کھینچ لیں گے۔} یعنی دنیا میں اگر ان ڈرنے والوں میں سے کسی کے دل میں دوسرے کے بارے میں کچھ کینہ ہو گا تو جنت میں داخل ہونے سے پہلے اللہ تعالی اسے ان کے دلوں سے نکال دے گا اور ان کے نفوس کو بغض حسد عناد اور عداوت وغیرہ مذموم خصلتوں سے پاک کردے گا اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت کرنے اور میل جول رکھنے میں اس طرح ہوں گے جیسے سگے بھائی ہوتے ہیں ۔ {على سرر متقبلین:وہ امنے سامنے تختوں پربیٹھے ہوں گے۔} اس کا ایک تو واضح مفہوم ہے کہ وہ ایک دوسرے کے سامنے جنت میں تختوں پر بیٹھے ہوں گے اور مجلس کا لطف اٹھائیں گے اور ایک مفہوم یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ جب جنتی ایک جگہ جمع ہو کر ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے اور فارغ ہونے کے بعد واپس لوٹنے کا ارادہ کریں گے تو ان میں سے ہر ایک کا تخت ا س طرح گھوم جائے گا کہ ا س پر سوار جنتی کا چہرہ اپنے ساتھی کے چہرے کے سامنے ہو گا اور اس کی پشت اس طرف ہو گی جدھر تخت اسے لے جا رہا ہو گا۔ اس میں انسیت اور تعظیم زیادہ ہے۔ (جمل الحجر تحت الایۃ: ۴۷ ۴ / ۱۸۶)