Surah Al Isra Ayat 24 (17:24)
The Night Journey · Juz 15 · Makki
وَ اخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَ قُلْ رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّیٰنِیْ صَغِیْرًاﭤ 24
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور ان کے لیے نرم دلی سے عاجزی کا بازو جھکا کر رکھ اور دعا کر کہ اے میرے رب! تو ان دونوں پر رحم فرما جیسا ان دونوں نے مجھے بچپن میں پالا۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور ان کے لیے عاجزی کا بازو بچھا نرم دلی سے اور عرض کر کہ اے میرے رب تو ان دونوں پر رحم کر جیسا کہ ان دونوں نے مجھے چھٹپن میں پالا۔
Tafseer (Urdu)
{و اخفض لهما: اور ان کیلئے جھکا کر رکھ۔} اس ایت میں مزید حکم دیا کہ والدین کے ساتھ نرمی اور عاجزی کے ساتھ پیش آو اور ہر حال میں ان کے ساتھ شفقت و محبت کا برتاؤ کرو کیونکہ انہوں نے تیری مجبوری کے وقت تجھے محبت سے پرورش کیا تھا اور جو چیز انہیں درکار ہو وہ ان پر خرچ کرنے میں دریغ نہ کرو۔( خازن الاسراء تحت الایۃ: ۲۴ ۳ / ۱۷۱ ملخصا) گویا زبانی کے ساتھ ساتھ عملی طور پربھی ان سے اچھا برتاو کرو اوریونہی مالی طور پر بھی ان سے اچھا سلوک کرو کہ ان پر خرچ کرنے میں تامل نہ کرو ۔ {و قل: اور کہو۔} حقوق والدین کے بیان کے اخر میں فرمایا کہ ان کیلئے دعا کرو ۔ گویا یہ فرمایا گیا کہ دنیا میں بہتر سے بہترین سلوک اور خدمت میں کتنا بھی مبالغہ کرلیا جائے لیکن والدین کے احسان کا حق ادا نہیں ہوتا اس لئے بندے کو چاہیے کہ بارگاہ الہی میں ان پر فضل و رحمت فرمانے کی دعا کرے اور عرض کرے کہ یارب! میری خدمتیں ان کے احسان کی جزا نہیں ہوسکتیں تو ان پر کرم کرکہ ان کے احسان کا بدلہ ہو۔( مدارک الاسراء تحت الایۃ: ۲۴ ص۶۲۰-۶۲۱ ملخصا) والدین کے لئے روزانہ دعا کرنی چاہئے: والدین کیلئے دعا کو اپنے روزانہ کے معمولات میں داخل کرلینا چاہیے اور ان کی صحت و تندرستی ایمان و عافیت کی سلامتی کی دعا کرنی چاہیے اور اگر فوت ہوگئے ہوں تو ان کیلئے قبر میں راحت قیامت کی پریشانیوں سے نجات بے حساب بخشش اور جنت میں داخلے کی دعا کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ اگر والدین کافر ہوں تو ان کے لئے ہدایت و ایمان کی دعا کرنی چاہیے کہ یہی ان کے حق میں رحمت ہے۔ اور دنیاوی اعتبار سے اچھا سلوک ان کے ساتھ بھی لازم ہے۔