Surah Al Baqarah Ayat 80 (2:80)
The Cow · Juz 1 · Madani
وَ قَالُوْا لَنْ تَمَسَّنَا النَّارُ اِلَّاۤ اَیَّامًا مَّعْدُوْدَةًؕ-قُلْ اَتَّخَذْتُمْ عِنْدَ اللّٰهِ عَهْدًا فَلَنْ یُّخْلِفَ اللّٰهُ عَهْدَهٗۤ اَمْ تَقُوْلُوْنَ عَلَى اللّٰهِ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ 80
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور بولے: ہمیں تو آگ ہرگز نہ چھوئے گی مگر گنتی کے چنددن۔ اے حبیب! تم فرمادو: کیا تم نے خدا سے کوئی وعدہ لیا ہوا ہے؟(اگر ایسا ہے، پھر) تو اللہ ہرگز وعدہ خلافی نہیں کرے گا بلکہ تم اللہ پر وہ بات کہہ رہے ہو جس کا تمہیں علم نہیں ۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور بولے ہمیں تو آگ نہ چھوئے گی مگر گنتی کے دن تم فرمادو کیا خدا سے تم نے کوئی عہد لے رکھا ہے جب تو اللہ ہرگز اپنا عہد خلاف نہ کرے گا یا خدا پر وہ بات کہتے ہو جس کا تمہیں علم نہیں۔
Tafseer (Urdu)
{لن تمسنا النار: ہمیں تو ہرگز اگ نہ چھوئے گی۔} حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ یہودی کہتے تھے کہ وہ دوزخ میں ہرگز داخل نہ ہوں گے مگر صرف اتنی مدت کے لیے جتنے عرصے ان کے آباو اجداد نے بچھڑے کو پوجا تھا (اس کے بعد وہ عذاب سے چھوٹ جائیں گے) اور وہ مدت چالیس دن ہیں۔ بعض یہودیوں کے نزدیک سات دن ہیں۔(قرطبی البقرۃ تحت الایۃ: ۸۰ ۱ / ۱۰ الجزء الثانی ابو سعود البقرۃ تحت الایۃ: ۸۰ ۱ / ۱۴۵ ملتقطا) اس پر یہ آیت کریمہ نازل ہوئی۔ چنانچہ اس ایت اور اس کے بعد والی ایت میں فرمایا گیا کہ اے حبیب! صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم تم ان سے فرمادو کہ کیا تم نے اللہ تعالی سے کوئی وعدہ لیا ہوا ہے کہ وہ تمہیں چند دن کیلئے ہی جہنم میں ڈالے گا اگر ایسا کوئی عہد ہے پھر تو اللہ تعالی ہرگز وعدہ خلافی نہیں کرے گا لیکن ایسا کچھ ہے نہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ تم اللہ تعالی پر جھوٹ باندھ رہے ہو اور اللہ تعالی تم سے ایسا وعدہ کیوں کرے گا کہ تم جہنم میں زیادہ عرصے کیلئے نہیں رہو گے حالانکہ اللہ تعالی کا قانون یہ ہے کہ جس نے گناہ کا ارتکاب کیا اور اس کے گناہ نے اسے ہر طرح سے گھیر لیا یعنی وہ کفر میں جاپڑا تو وہ جہنم میں جائے گا اور ہمیشہ ہمیشہ وہاں رہے گا۔