Surah Al Imran Ayat 123 (3:123)
Family of Imran · Juz 4 · Madani
وَ لَقَدْ نَصَرَكُمُ اللّٰهُ بِبَدْرٍ وَّ اَنْتُمْ اَذِلَّةٌۚ-فَاتَّقُوا اللّٰهَ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ 123
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور بیشک اللہ نے بدر میں تمہاری مدد کی جب تم بالکل بے سر و سامان تھے تو اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم شکر گزار بن جاؤ۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور بیشک اللہ نے بدر میں تمہاری مدد کی جب تم بالکل بے سر و سامان تھے تو اللہ سے ڈرو کہ کہیں تم شکر گزار ہو۔
Tafseer (Urdu)
{و لقد نصركم الله ببدر : اور بیشک اللہ نے بدر میں تمہاری مدد کی۔} یہاں اللہ عزوجل اپنے عظیم احسان کو بیان فرما رہا ہے کہ غزوہ بدر میں جب مسلمانوں کی تعداد بھی کم تھی اوران کے پاس ہتھیاروں اور سواروں کی بھی کمی تھی جبکہ کفار تعداد اور جنگی قوت میں مسلمانوں سے کئی گنا زیادہ تھے۔ اس حالت میں اللہ تعالی نے مسلمانوں کی مدد فرمائی اور کفار پر فتح و کامرانی عطا فرمائی۔ جنگ بدر 17رمضان 2ہجری میں جمعہ کے دن ہوئی۔ مسلمان 313تھے جبکہ کفار تقریبا ایک ہزار۔ بدر ایک کنواں ہے جو ایک شخص بدر بن عامر نے کھودا تھا اس کے نام پر اس علاقے کا نام ’’بدر‘‘ ہوگیا۔(یہ علاقہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ہے )(صاوی ال عمران تحت الایۃ: ۱۲۳ ۱ / ۳۱۰) اللہ تعالی کے نیک بندوں کا مدد کرنا درحقیقت اللہ تعالی کا مدد کرنا ہے: اس ایت مبارکہ سے اہلسنت کا ایک عظیم عقیدہ واضح طور پر ثابت ہوتا ہے۔ وہ یہ کہ جنگ بدر میں مسلمانوں کی مدد کیلئے فرشتے نازل ہوئے جیسا کہ اگلی ایتوں میں موجود ہے جنگ میں فرشتے لڑے انہوں نے مسلمانوں کی مدد کی لیکن ان کی مدد کو اللہ تعالی فرما رہا ہے کہ بدر میں اللہ تعالی نے تمہاری مدد فرمائی۔ اس سے معلوم ہوا کہ اللہ عزوجل کے پیارے جب اللہ تعالی کی اجازت سے مدد فرماتے ہیں تو وہ اللہ عزوجل ہی کی مدد ہوتی ہے۔ لہذا انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام اور اولیاء رحمۃاللہ تعالی علیہم جو مدد فرمائیں وہ اللہ تعالی ہی کی مدد قرار پائے گی اور اسے کفر و شرک نہیں کہا جائے گا۔