Surah Al Imran Ayat 160 (3:160)
Family of Imran · Juz 4 · Madani
اِنْ یَّنْصُرْكُمُ اللّٰهُ فَلَا غَالِبَ لَكُمْۚ-وَ اِنْ یَّخْذُلْكُمْ فَمَنْ ذَا الَّذِیْ یَنْصُرُكُمْ مِّنْۢ بَعْدِهٖؕ-وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ 160
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاگر اللہ تمہاری مدد کرے تو کوئی تم پر غالب نہیں آسکتا اور اگر وہ تمہیں چھوڑ دے تو پھراس کے بعد کون تمہاری مدد کرسکتا ہے؟ اور مسلمانوں کواللہ ہی پر بھروسہ کرنا چاہئے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاگر اللہ تمہاری مدد کرے تو کوئی تم پر غالب نہیں آسکتا اور اگر وہ تمہیں چھوڑ دے تو ایسا کون ہے جو پھر تمہاری مدد کرے اور مسلمانوں کو اللہ ہی پر بھروسہ چاہئے۔
Tafseer (Urdu)
{ان ینصركم الله: اگر اللہ تمہاری مدد کرے۔ } ارشاد فرمایا کہ’’ اگر اللہ عزوجل تمہاری مدد کرے تو کوئی تم پر غالب نہیں آسکتا اور یہ یاد رکھو کہ اللہ تعالی کی مدد وہی پاتا ہے جو اپنی قوت وطاقت پر بھروسہ نہیں کرتا بلکہ اللہ تعالی کی قدرت و رحمت کا امیدوار رہتا ہے اور اگر اللہ عزوجل تمہیں چھوڑ دے تو اس کے چھوڑنے کے بعد کون تمہاری مدد کرسکتا ہے یقینا کوئی نہیں۔ غزوہ بدر و حنین سے دونوں باتیں واضح ہوجاتی ہیں۔ غزوہ بدر میں کفار کا لشکر تعداد اسلحہ اور جنگی طاقت کے اعتبار سے مسلمانوں سے بڑھ کر تھالیکن مسلمانوں کا پورا بھروسہ اللہ تعالی کی ذات پر تھا جس کا نتیجہ مسلمانوں کی فتح و کامرانی کی شکل میں ظاہر ہوا اورفرشتوں کی صورت میں اللہ تعالی کی مدد نازل ہوئی جبکہ غزوہ حنین میں بعض مسلمانوں نے اپنی عددی کثرت پر فخر کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں مسلمانوں کو سخت نقصان اٹھانا پڑا ۔ پورا واقعہ سورہ توبہ ایت 25 میں مذکور ہے ۔