Surah Az Zumar Ayat 75 (39:75)
The Troops · Juz 24 · Makki
وَ تَرَى الْمَلٰٓىٕكَةَ حَآفِّیْنَ مِنْ حَوْلِ الْعَرْشِ یُسَبِّحُوْنَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْۚ-وَ قُضِیَ بَیْنَهُمْ بِالْحَقِّ وَ قِیْلَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۠ (75)ٛ 75
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور تم فرشتوں کو دیکھو گے کہ ہرطرف سے عرش کو گھیرے ہوئے اپنے رب کی تعریف کے ساتھ اس کی پاکی بیان کررہے ہیں اور لوگوں میں سچا فیصلہ فرمادیا جائے گا اور کہا جائے گا : تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں جوتمام جہانوں کا پالنے والاہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور تم فرشتوں کو دیکھو گے عرش کے آس پاس حلقہ کئے اپنے رب کی تعریف کے ساتھ ا س کی پاکی بولتے اور لوگوں میں سچا فیصلہ فرمادیا جائے گااور کہا جائے گا کہ سب خوبیاں اللہ کو جو سارے جہان کا رب۔
Tafseer (Urdu)
{و ترى الملىكة: اور تم فرشتوں کو دیکھو گے۔} یعنی اے حبیب! صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم قیامت کے دن جب اللہ تعالی فرشتوں کو دوبارہ زندہ فرمائے گا تو اپ دیکھیں گے کہ فرشتے ہرطرف سے عرش کو گھیرے ہوئے اپنے رب عزوجل کی تعریف کے ساتھ ا س کی پاکی بیان کررہے ہیں اور قیامت کے دن لوگوں میں سچا فیصلہ فرمادیا جائے گا کہ مومنوں کو جنت میں اور کافروں کو دوزخ میں داخل کر دیا جائے گا اور جنتی لوگ جنت میں داخل ہو کر شکر ادا کرنے کے لئے عرض کریں گے کہ تمام تعریفیں اس اللہ تعالی کیلئے ہیں جوتمام جہانوں کا پالنے والاہے۔(روح البیان الزمر تحت الایۃ: ۷۵ ۸ / ۱۴۷-۱۴۸ خازن الزمر تحت الایۃ: ۷۵ ۴ / ۶۴ ملتقطا) حضرت وہب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں ’’جو یہ جاننے کا ارادہ رکھتا ہو کہ اللہ تعالی اپنی مخلوق کے درمیان کیسے فیصلہ فرماتا ہے تو وہ سورہ زمر کے اخری حصے کو پڑھے۔(درمنثور الزمر تحت الایۃ: ۷۵ ۷ / ۲۶۷)