Surah An Nisa Ayat 20 (4:20)
The Women · Juz 4 · Madani
وَ اِنْ اَرَدْتُّمُ اسْتِبْدَالَ زَوْجٍ مَّكَانَ زَوْجٍۙ-وَّ اٰتَیْتُمْ اِحْدٰىهُنَّ قِنْطَارًا فَلَا تَاْخُذُوْا مِنْهُ شَیْــٴًـاؕ-اَتَاْخُذُوْنَهٗ بُهْتَانًا وَّ اِثْمًا مُّبِیْنًا 20
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور اگر تم ایک بیوی کے بدلے دوسری بیوی بدلنا چاہو اور تم اسے ڈھیروں مال دے چکے ہو تو اس میں سے کچھ واپس نہ لو۔ کیا تم کوئی جھوٹ باندھ کر اور کھلے گناہ کے مرتکب ہو کر وہ لو گے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور اگر تم ایک بی بی کے بدلے دوسری بدلنا چاہو اور اسے ڈھیروں مال دے چکے ہو تو اس میں سے کچھ واپس نہ لو کیا اسے واپس لو گے جھوٹ باندھ کر اور کھلے گناہ سے۔
Tafseer (Urdu)
{و اتیتم احدىهن قنطارا:اور تم اسے ڈھیروں مال دے چکے ہو۔} چونکہ عورتوں کے حقوق کا بیان چل رہا ہے۔ یہاں مزید ان کے حقوق بیان فرمائے گئے ہیں چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اگر تمہارا ارادہ بیوی کو چھوڑنے کا ہو تو مہر کی صورت میں جومال تم اسے دے چکے ہو تواس میں سے کچھ واپس نہ لو ۔ا ہل عرب میں یہ بھی طریقہ تھا کہ اپنی بیوی کے علاوہ کوئی دوسری عورت انہیں پسند آجاتی تو ا پنی بیوی پر جھوٹی تہمت لگاتے تاکہ وہ اس سے پریشان ہو کر جو کچھ لے چکی ہے واپس کردے اور طلاق حاصل کر لے۔(بیضاوی النساء تحت الایۃ: ۲۰ ۲ / ۱۶۳) اسی کو فرمایا کہ کیا تم بہتان اور گناہ کے ذریعے ان سے مال لینا چاہتے ہو یہ حرام ہے۔ البتہ یہ یاد رہے کہ سورہ بقرہ کی ایت نمبر 229کی تفسیر میں وضاحت سے ہم خلع اور دیگر صورتوں میں مال لینے اور نہ لینے کی صورتیں بیان کرچکے ہیں۔ اس کا مطالعہ بھی یہاں کرلینا چاہیے۔ زیادہ مہر مقرر کرنا جائز ہے: اس ایت میں ڈھیروں مال دینے کا تذکرہ ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ زیادہ مہر مقرر کرنا جائز ہے اگرچہ بہتر کم مہر ہے یا اتنا مہر کہ جس کی ادائیگی اسان ہو۔ حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے ایک مرتبہ برسر منبر فرمایا: عورت کے مہر زیادہ مقرر نہ کرو۔ ایک عورت نے یہی آیت پڑھ کر کہا : اے امیر المومنین! اللہ ہمیں دیتا ہے اور تم منع کرتے ہو۔ اس پر حضرت عمرفاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا اے عمر! تم سے ہر شخص زیادہ سمجھ دار ہے (اے لوگو!) تم جو چاہو مہر مقرر کرو۔ (مدارک النساء تحت الایۃ: ۲۰ ص۲۱۹) سبحان اللہ! حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی شان انصاف اور طہارت نفس کس قدر اعلی تھی اللہ تعالی ہمیں ان کی پیروی کی توفیق عطا فرمائے آمین۔