Surah Al Maidah Ayat 21 (5:21)
The Table Spread · Juz 6 · Madani
یٰقَوْمِ ادْخُلُوا الْاَرْضَ الْمُقَدَّسَةَ الَّتِیْ كَتَبَ اللّٰهُ لَكُمْ وَ لَا تَرْتَدُّوْا عَلٰۤى اَدْبَارِكُمْ فَتَنْقَلِبُوْا خٰسِرِیْنَ 21
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attari۔ (موسیٰ نے فرمایا:) اے میری قوم !اس پاک سرزمین میں داخل ہو جاؤ جو اللہ نے تمہارے لیے لکھ دی ہے اوراپنے پیٹھ پیچھے نہ پھروکہ تم نقصان اٹھاتے ہوئے پلٹوگے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاے قوم اس پاک زمین میں داخل ہو جو اللہ نے تمہارے لیے لکھی ہے اور پیچھے نہ پلٹو کہ نقصان پر پلٹو گے۔
Tafseer (Urdu)
{یقوم: اے میری قوم!۔} حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنی قوم کو اللہ تعالی کی نعمتیں یاد دلانے کے بعد ان کو اپنے دشمنوں پر جہاد کے لئے نکلنے کا حکم دیا اور فرمایا کہ اے قوم! مقدس سرزمین میں داخل ہوجاو۔ اس زمین کو مقدس اس لئے کہا گیا کہ وہ انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کی مسکن (رہائش گاہ) تھی۔ اس سے معلوم ہوا کہ انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کی سکونت سے زمینوں کو بھی شرف حاصل ہوتا ہے اور دوسروں کے لئے باعث برکت ہوتی ہے۔ کلبی سے منقول ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کوہ لبنان پر چڑھے تو آپ علیہ الصلوۃ والسلام سے کہا گیا :دیکھئے جہاں تک آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی نظر پہنچے وہ جگہ مقدس ہے اور آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی اولاد کی میراث ہے یہ سرزمین طور اور اس کے گردو پیش کی تھی اور ایک قول یہ ہے کہ تمام ملک شام اس میں داخل ہے۔ (بغوی المائدۃ تحت الایۃ: ۲۱۲ / ۱۹)