Surah Al Anam Ayat 57 (6:57)
The Cattle · Juz 7 · Makki
قُلْ اِنِّیْ عَلٰى بَیِّنَةٍ مِّنْ رَّبِّیْ وَ كَذَّبْتُمْ بِهٖؕ-مَا عِنْدِیْ مَا تَسْتَعْجِلُوْنَ بِهٖؕ-اِنِ الْحُكْمُ اِلَّا لِلّٰهِؕ-یَقُصُّ الْحَقَّ وَ هُوَ خَیْرُ الْفٰصِلِیْنَ 57
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariتم فرماؤ: میں تو اپنے رب کی طرف سے روشن دلیل پر ہوں اور تم نے اسے جھٹلایا ہے۔ جس (عذاب کے آنے) کی تم جلدی مچارہے ہووہ میرے پاس نہیں ، حکم صرف اللہ ہی کا ہے۔ وہ حق بیان فرماتا ہے اور وہ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanتم فرماؤ میں تو اپنے رب کی طرف سے روشن دلیل پر ہوں اور تم اسے جھٹلاتے ہو میرے پاس نہیں جس کی تم جلدی مچا رہے ہو حکم نہیں مگر اللہ کا وہ حق فرماتا ہے اور وہ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا۔
Tafseer (Urdu)
{ قل: تم فرماو۔} یعنی اے حبیب!صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم اپ فرمائیں کہ میں تو اپنے رب عزوجل کی طرف سے روشن دلیل پر ہوں اور مجھے اس کی معرفت حاصل ہے اور میں جانتا ہوں کہ اس کے سوا کوئی مستحق عبادت نہیں جبکہ تم اس کے ساتھ اوروں کو شریک کر کے اسے جھٹلاتے ہو۔ یہاں روشن دلیل قرآن شریف معجزات اور توحید کے واضح دلائل سب کو شامل ہیں۔ { ما عندی ما تستعجلون به:جس کی تم جلدی مچارہے ہووہ میرے پاس نہیں۔}چونکہ کفار مذاق اڑانے کیلئے حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم سے کہا کرتے تھے کہ ہم پر جلدی عذاب نازل کرائیے اس آیت میں انہیں جواب دیا گیا اور ظاہر کردیا گیا کہ حضور پرنور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم سے یہ سوال کرنا نہایت غلط ہے کیونکہ عذاب نازل کرنا اللہ عزوجل کا کا م ہے تاجدار رسالت صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کا نہیں۔ ہاں اگر سرکاردو عالم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم اس کیلئے دعا کردیں تو بات جدا ہے جیسے حضرت نوح علیہ الصلوۃ والسلام کی دعا سے قوم نوح تباہ ہوئی اور حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام کی دعا سے فرعون اور اس کی قوم تباہ ہوئی اور دیگر انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کی دعاوں سے ان کی قومیں تباہ ہوئیں ایسے ہی حبیب کریم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی دعا سے کفارمکہ بھی برباد ہوجاتے۔ اگلی ایت میں مزید فرمایا کہ اے حبیب! صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم تم فرماؤ اگروہ عذاب میرے پاس ہوتا جس کی تم جلدی مچارہے ہوتومیرے اور تمہارے درمیان معاملہ ختم ہوچکا ہوتااور میں تمہیں ایک لمحے کی مہلت نہ دیتا اور تمہیں رب عزوجل کا مخالف دیکھ کر بے دریغ ہلاک کر ڈالتا لیکن اللہ تعالی حلیم وکریم ہے وہ سزا دینے میں جلدی نہیں فرماتا تو اس کی بارگاہ میں رجوع کرو نہ کہ اس کے حلم و کرم کی وجہ سے جری ہوجاو۔