Surah At Taubah Ayat 39 (9:39)
The Repentance · Juz 10 · Madani
اِلَّا تَنْفِرُوْا یُعَذِّبْكُمْ عَذَابًا اَلِیْمًا ﳔ وَّ یَسْتَبْدِلْ قَوْمًا غَیْرَكُمْ وَ لَا تَضُرُّوْهُ شَیْــٴًـاؕ-وَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ 39
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاگر تم کوچ نہیں کرو گے تووہ تمہیں دردناک سزا دے گا اور تمہاری جگہ دوسرے لوگوں کو لے آئے گااور تم اس کا کچھ نہیں بگا ڑ سکوگے اور اللہ ہرشے پر قادرہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاگر نہ کوچ کرو گے تو تمہیں سخت سزا دے گا اور تمہاری جگہ اور لوگ لے آئے گا اور تم اس کا کچھ نہ بگاڑ سکوگے اور اللہ سب کچھ کرسکتا ہے۔
Tafseer (Urdu)
{الا تنفروا:اگر تم کوچ نہیں کرو گے۔} ارشاد فرمایا کہ اے مسلمانو! اگر تم رسول کریم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے حکم کے مطابق اللہ عزوجل کی راہ میں کوچ نہیں کرو گے تو اللہ تعالی تمہیں دردناک سزا دے گا اور تمہاری جگہ دوسرے لوگوں کو لے آئے گاجو تم سے بہتر اور فرمانبردار ہوں گے۔ مراد یہ ہے کہ اللہ تعالی اپنے حبیب صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی نصرت اور ان کے دین کو عزت دینے میں خود کفالت فرمائے گا تو اگر تم فرمان رسول کی اطاعت میں جلد ی کرو گے تو یہ سعادت تمہیں نصیب ہوگی اور اگر تم نے سستی کی تو اللہ تعالی دوسروں کو اپنے حبیب صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے شرف خدمت سے سرفراز فرمائے گا۔( تفسیر کبیر التوبۃ تحت الایۃ: ۳۹ ۶ / ۴۸) اللہ تعالی کا دین ہمارا محتاج نہیں : اس سے یہ بھی واضح ہوا کہ دین کی تبلیغ مسلمانوں کا منصب اور ذمہ داری ہے ۔ اگر کوئی یہ سعادت حاصل کرتا ہے تو یہ اللہ عزوجل کی کرم نوازی ہے ورنہ اللہ تعالی کا دین ہمارا محتاج نہیں بلکہ ہم اس کے محتاج ہیں نیز اسلام کی اشاعت ہم پر موقوف نہیں کیونکہ ہم سے پہلے بھی دنیا میں اسلام تھا اور ہمارے بعد بھی رہے گا۔