Surah Hud Ayat 54 (11:54)
Hud · Juz 12 · Makki
اِنْ نَّقُوْلُ اِلَّا اعْتَرٰىكَ بَعْضُ اٰلِهَتِنَا بِسُوْٓءٍؕ-قَالَ اِنِّیْۤ اُشْهِدُ اللّٰهَ وَ اشْهَدُوْۤا اَنِّیْ بَرِیْٓءٌ مِّمَّا تُشْرِكُوْنَ 54
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariہم توصرف یہ کہتے ہیں کہ ہمارے کسی معبود نے تم پر کوئی برائی پہنچا دی ہے۔ (ہود نے) فرمایا: میں اللہ کو گواہ بناتا ہوں اور تم سب (بھی) گواہ ہوجاؤ کہ میں ان سب سے بیزار ہوں جنہیں تم اللہ کے سوا اس کا شریک ٹھہراتے ہو۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanہم تو یہی کہتے ہیں کہ ہمارے کسی خدا کی تمہیں بری جھپٹ پہنچی کہا میں اللہ کو گواہ کرتا ہوں اور تم سب گواہ ہوجاؤ کہ میں بیزار ہوں ان سب سے جنہیں تم اللہ کے سوا اس کا شریک ٹھہراتے ہو۔
Tafseer (Urdu)
{ان نقول:ہم توصرف یہ کہتے ہیں۔} حضرت ہود علیہ الصلوۃ والسلام کی قوم نے کہا: ’’ بے شک اے ہود! تم جو ہماری مخالفت کر رہے ہو اور ہمارے بتوں کو برا کہتے ہو اسی وجہ سے ان بتوں نے تم سے انتقام لیتے ہوئے تمہیں دیوانہ کردیا ہے۔ اس سے ان کی مراد یہ ہے کہ اب جو کچھ کہتے ہو یہ سب دیوانگی کی باتیں ہیں۔( معاذاللہ) حضرت ہود علیہ الصلوۃ والسلام نے انہیں جواب دیا: ’’میں اللہ تعالی کو گواہ بناتا ہوں اور تم سب بھی میری اس بات پر گواہ ہو جاو کہ میں ان سب بتوں سے بیزار ہوں جنہیں تم اللہ عزوجل کا شریک ٹھہراتے ہو اور ان کی عبادت کرتے ہو۔ (خازن ہود تحت الایۃ: ۵۴ ۲ / ۳۵۷-۳۵۸) {فكیدونی جمیعا:تم سب مل کر میرے اوپر داو چلاو ۔} یعنی تم اور وہ بت جنہیں تم معبود سمجھتے ہو سب مل کر مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کرو پھر مجھے مہلت نہ دو مجھے تمہاری اور تمہارے معبودوں کی اور تمہاری مکاریوں کی کچھ پروا نہیں اور مجھے تمہاری شوکت و قوت سے کچھ اندیشہ نہیں کیونکہ جنہیں تم معبود کہتے ہو وہ جمادات اور بے جان ہیں نہ کسی کو نفع پہنچاسکتے ہیں نہ نقصان ان کی کیا حقیقت کہ وہ مجھے دیوانہ کرسکیں۔ یہ حضرت ہود علیہ الصلوۃ والسلام کا معجزہ ہے کہ آپ نے ایک زبردست صاحب قوت و شوکت قوم سے جو آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے خون کی پیاسی اور جان کی دشمن تھی اس طرح کے کلمات فرمائے اور اصلا خوف نہ کیا اور وہ قوم انتہائی عداوت اور دشمنی کے باوجود آپ علیہ الصلوۃ والسلام کو کوئی نقصان پہنچانے سے عاجز رہی۔(خازن ہود تحت الایۃ: ۵۵ ۲ / ۳۵۸ مدارک ہود تحت الایۃ: ۵۵ ص۵۰۲ ملتقطا)