Surah Maryam Ayat 49 (19:49)
Mary · Juz 16 · Makki
فَلَمَّا اعْتَزَلَهُمْ وَ مَا یَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِۙ-وَهَبْنَا لَهٗۤ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَؕ-وَ كُلًّا جَعَلْنَا نَبِیًّا 49
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariپھر جب ابراہیم لوگوں سے اور اللہ کے سوا جن (بتوں ) کی وہ عبادت کرتے تھے ان سے جدا ہوگئے تو ہم نے اسے اسحاق اور (اس کے بعد) یعقوب عطا کئے اور ان سب کو ہم نے نبی بنایا۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanپھر جب ان سے اور اللہ کے سوا ان کے معبودوں سے کنارہ کر گیا ہم نے اسے اسحق اور یعقوب عطا کیے اور ہر ایک کو غیب کی خبریں بتانے والا کیا ۔
Tafseer (Urdu)
{فلما اعتزلهم:پھر جب ابراہیم لوگوں سے جدا ہوگئے۔} ارشاد فرمایا کہ پھر جب حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام مقدس سرزمین کی طرف ہجرت کر کے لوگوں سے اور اللہ کے سوا جن بتوں کی وہ لوگ عبادت کرتے تھے ان سے جدا ہوگئے تو ہم نے حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کو فرزند حضرت اسحاق علیہ الصلوۃ والسلام اور ان کے بعد پوتے حضرت یعقوب علیہ الصلوۃ والسلام عطا کئے تاکہ وہ ان سے انسیت حاصل کریں اور ان سب کو ہم نے مقام نبوت سے سرفراز فرما کر احسان فرمایا۔( خازن مریم تحت الایۃ: ۴۹ ۳ / ۲۳۷ مدارک مریم تحت الایۃ: ۴۹ ص۶۷۶ ملتقطا) یادرہے کہ حضرت اسماعیل علیہ الصلوۃ والسلام حضرت اسحاق علیہ الصلوۃ والسلام سے بڑے ہیں لیکن چونکہ حضرت اسحاق علیہ الصلوۃ والسلام بہت سے انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کے والد ہیں اس لئے خصوصیت کے ساتھ ان کا ذکر فرمایا گیا۔ ایت ’’فلما اعتزلهم‘‘سے حاصل ہونے والی معلومات: اس ایت سے 2باتیں معلوم ہوئیں : (1)… حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کی عمر شریف اتنی دراز ہوئی کہ آپ علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنے پوتے حضرت یعقوب علیہ الصلوۃ والسلام کو دیکھا ۔ (2)… اللہ تعالی کے لئے ہجرت کرنے اور اپنے گھر بار کو چھوڑنے کی حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کو یہ جزا ملی کہ اللہ تعالی نے انہیں بیٹے اور پوتے عطا فرمائے ۔