Surah Maryam Ayat 82 (19:82)
Mary · Juz 16 · Makki
كَلَّاؕ-سَیَكْفُرُوْنَ بِعِبَادَتِهِمْ وَ یَكُوْنُوْنَ عَلَیْهِمْ ضِدًّا 82
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariہرگز نہیں ! عنقریب وہ (جھوٹے معبود) ان کی عبادت کا انکار کردیں گے اور وہ ان کے مخالف ہو جائیں گے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanہرگز نہیں کوئی دم جاتا ہے کہ وہ ان کی بندگی سے منکر ہوں گے اور ان کے مخالف ہوجائیں گے ۔
Tafseer (Urdu)
{كلا-سیكفرون بعبادتهم:ہرگز نہیں ! عنقریب و ہ ان کی عبادت کا انکار کردیں گے۔}اس ایت میں کافروں کا رد کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا بلکہ عنقریب وہ بت جنہیں یہ پوجتے تھے ان کی عبادت کا انکار کردیں گے اور انہیں جھٹلائیں گے اور ان پر لعنت کریں گے۔ اللہ تعالی انہیں بولنے کی قوت دے گا اور وہ کہیں گے :یارب! انہیں عذاب دے کہ انہوں نے تیرے سوا کسی اور کی عبادت کی ہے۔( خازن مریم تحت الایۃ: ۸۲ ۳ / ۲۴۶ مدارک مریم تحت الایۃ: ۸۲ ص۶۸۳ ملتقطا) کفار کی جاہلانہ اور احمقانہ حرکت: اس سے معلوم ہو اکہ کفار کی یہ انتہا درجے کی جاہلانہ اور احمقانہ حرکت ہے کہ انہوں نے اپنے ہاتھ سے بنائے ہوئے بتوں کوخدا بنالیا اور یہ سمجھنا شروع کردیا کہ ہمارے ہاتھوں سے بنائے ہوئے خدا ہمیں عزت بخشیں گے اور ہمیں نفع دیں گے حالانکہ ان کے بنائے ہوئے خدا نہ تو انہیں دنیا میں کسی قسم کانفع اور عزت بخش سکتے ہیں اور نہ اخرت میں بلکہ بروز قیامت تو وہ خود ان کی عبادت کے منکر ہوجائیں گے اور کہیں گے کہ ہمیں تمہاری عبادت کی خبر ہی نہیں اور ان کی بندگی سے اپنی براء ت اور بیزاری کا اظہار کردیں گے اور ان کے دشمن بن جائیں گے اور یوں عزت بڑھانے کی بجائے ان کی ذلت اور رسوائی کاسبب بنیں گے ۔ اس انسان پر انتہائی افسوس ہے جو عقل و شعور رکھنے کے باوجود بے جان اوربے فائدہ بتوں کی پوجا تو کرے اور اس رب تعالی کی عبادت نہ کرے جو خود بھی زندہ ہے اور دوسروں کو زندگی عطا بھی کرتا ہے اور ہر طرح کی ذلت سے بچانے اور عزت عطا کرنے کی قدرت بھی رکھتا ہے۔