Surah Taha Ayat 69 (20:69)
Ta-Ha · Juz 16 · Makki
وَ اَلْقِ مَا فِیْ یَمِیْنِكَ تَلْقَفْ مَا صَنَعُوْاؕ-اِنَّمَا صَنَعُوْا كَیْدُ سٰحِرٍؕ-وَ لَا یُفْلِحُ السَّاحِرُ حَیْثُ اَتٰى 69
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور تم بھی اسے ڈال دو جو تمہارے دائیں ہاتھ میں ہے وہ ان کی بنائی ہوئی چیزوں کو نگل جائے گا۔ بیشک جو انہوں نے بنایا ہے وہ تو صرف جادوگروں کا مکروفریب ہے اور جادوگر کامیاب نہیں ہوتا جہاں بھی آجائے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور ڈال تو دے جو تیرے دہنے ہاتھ میں ہے وہ ان کی بناوٹوں کو نگل جائے گا وہ جو بناکر لائے ہیں وہ تو جادوگر کا فریب ہے اور جادوگر کا بھلا نہیں ہوتا کہیں آوے۔
Tafseer (Urdu)
{و الق ما فی یمینك:اور تم بھی اسے ڈال دو جو تمہارے دائیں ہاتھ میں ہے۔} اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا کہ اے موسی! علیہ الصلوۃ والسلام تم ان کی رسیوں لاٹھیوں کی کثرت کی پرواہ نہ کرو اور تم بھی اپنا وہ عصا ڈال دو جو تمہارے دائیں ہاتھ میں ہے وہ ان کی بنائی ہوئی چیزوں کو نگل جائے گا۔ بیشک جو انہوں نے بنایا ہے وہ تو صرف جادوگروں کا مکر وفریب ہے اور جادوگر کامیاب نہیں ہوتا جہاں بھی اجائے۔ پھر حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنا عصا ڈالا تو وہ جادوگروں کے تمام اژدہوں اور سانپوں کو نگل گیا اور آدمی اس کے خوف سے گھبرا گئے اور جب حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے اسے اپنے دست مبارک میں لیا تو پہلے کی طرح عصا ہو گیا۔ یہ دیکھ کر جادوگروں کو یقین ہوگیا کہ یہ معجزہ ہے جس سے جادو مقابلہ نہیں کر سکتا اور جادو کی فریب کاری اس کے سامنے قائم نہیں رہ سکتی۔( مدارک طہ تحت الایۃ: ۶۹ ص۶۹۶ تفسیر کبیر طہ تحت الایۃ: ۶۹ ۸ / ۷۴-۷۵ ملتقطا)