Surah An Naml Ayat 18 (27:18)
The Ant · Juz 19 · Makki
حَتّٰۤى اِذَاۤ اَتَوْا عَلٰى وَادِ النَّمْلِۙ-قَالَتْ نَمْلَةٌ یّٰۤاَیُّهَا النَّمْلُ ادْخُلُوْا مَسٰكِنَكُمْۚ-لَا یَحْطِمَنَّكُمْ سُلَیْمٰنُ وَ جُنُوْدُهٗۙ-وَ هُمْ لَا یَشْعُرُوْنَ 18
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariیہاں تک کہ جب وہ چیونٹیوں کی وادی پر آئے توایک چیونٹی نے کہا: اے چیونٹیو!اپنے گھروں میں داخل ہوجاؤ، کہیں سلیمان اور ان کے لشکر بے خبری میں تمہیں کچل نہ ڈالیں ۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanیہاں تک کہ جب چیونٹیوں کے نالے پر آئے ایک چیونٹی بولی اے چیونٹیواپنے گھروں میں چلی جاؤ تمہیں کچل نہ ڈالیں سلیمان اور ان کے لشکر بے خبری میں ۔
Tafseer (Urdu)
{حتى اذا اتوا على واد النمل: یہاں تک کہ جب وہ چیونٹیوں کی وادی پر آئے۔} اس ایت اور ا س کے بعد والی ایت میں حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام اور چیونٹی کاواقعہ بیان کیا جارہا ہے۔ ایک مرتبہ حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ و السلام اپنے لشکروں کے ساتھ طائف یا شام میں اس وادی پر سے گزرے جہاں چیونٹیاں بکثرت تھیں ۔جب چیونٹیوں کی ملکہ نے حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام کے لشکر کو دیکھا تووہ کہنے لگی:اے چیونٹیو!اپنے گھروں میں داخل ہوجاؤ کہیں حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام اور ان کے لشکر بے خبری میں تمہیں کچل نہ ڈالیں۔ملکہ نے یہ اس لئے کہا کہ وہ جانتی تھی کہ حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام نبی ہیں عدل کرنے والے ہیں جبر اور زیادتی آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی شان نہیں ہے۔ اس لئے اگر آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے لشکر سے چیونٹیاں کچلی جائیں گی تو بے خبری ہی میں کچلی جائیں گی کیونکہ ہو سکتا ہے کہ وہ گزرتے ہوئے اس طرف توجہ نہ کریں ۔ حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام نے چیونٹی کی یہ بات تین میل سے سن لی اور ہوا ہر شخص کا کلام آپ کی مبارک سماعت تک پہنچاتی تھی جب آپ علیہ الصلوۃ والسلام چیونٹیوں کی وادی کے قریب پہنچے تو آپ علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنے لشکر وں کو ٹھہرنے کا حکم دیا یہاں تک کہ چیونٹیاں اپنے گھروں میں داخل ہوگئیں ۔ حضرت سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام کا یہ سفر ہوا پر نہ تھا بلکہ پیدل اور سواریوں پر تھا۔( جلالین النمل تحت الایۃ: ۱۸ ص۳۱۸ خازن النمل تحت الایۃ: ۱۸ ۳ / ۴۰۵ ملتقطا)