Surah Al Ankabut Ayat 68 (29:68)
The Spider · Juz 21 · Makki
وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا اَوْ كَذَّبَ بِالْحَقِّ لَمَّا جَآءَهٗؕ-اَلَیْسَ فِیْ جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْكٰفِرِیْنَ 68
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب وہ اس کے پاس آئے؟ کیا کافروں کیلئے جہنم میں ٹھکانہ نہیں؟
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب وہ اس کے پاس آئے کیا جہنم میں کافروں کا ٹھکانا نہیں ۔
Tafseer (Urdu)
{و من اظلم ممن افترى على الله كذبا: اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے۔} ارشاد فرمایا کہ اس سے بڑھ کر ظالم کون ہے جو اللہ تعالی پر جھوٹ باندھے اور اس کے لئے شریک ٹھہرائے یا جب اس کے پاس حق ائے تو وہ اس کو جھٹلادے اور سرکار دو عالم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی نبوت اور قرآن کو نہ مانے بے شک ایسے ظالموں اور حق کے منکروں کا ٹھکانا جہنم ہی ہے ۔( مدارک العنکبوت تحت الایۃ: ۶۸ ص۸۹۹) اللہ تعالی پر جھوٹ باندھنے کی مختلف صورتیں : یاد رہے کہ اللہ تعالی پر جھوٹ باندھنے کی بہت سی صورتیں ہیں ان میں سے پانچ صورتیں درج ذیل ہیں : (1)… کافر کا بت پرستی کرکے یہ کہنا کہ اللہ تعالی نے اسی کا حکم دیا ہے۔ (2)… نبوت کا جھوٹا دعوی کرنااور کہنا کہ مجھے خدا نے نبی بنایا ہے۔ (3)… کتاب اللہ میں اپنی طرف سے خلط ملط کردینا اور کہہ دینا کہ یہ اللہ تعالی کا کلام ہے۔ (4)… نبی کا انکار کرنا اور کہنا کہ انہیں اللہ تعالی نے نبی نہیں بنایا۔ (5)…جھوٹا مسئلہ بیان کرکے کہنا کہ اللہ تعالی کا حکم ہے وغیر ہ وغیرہ سب اللہ پر جھوٹ باندھنا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ ہر جھوٹ برا ہے لیکن اگر جھوٹ کی نسبت کسی بڑی ہستی کی طرف کی جائے تو بڑا گناہ ہے لہذا جھوٹی حدیث گھڑ کر یہ کہہ دینا کہ حضورپر نور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا ہے سخت جرم ہے۔