Surah Ar Rum Ayat 51 (30:51)
The Romans · Juz 21 · Makki
وَ لَىٕنْ اَرْسَلْنَا رِیْحًا فَرَاَوْهُ مُصْفَرًّا لَّظَلُّوْا مِنْۢ بَعْدِهٖ یَكْفُرُوْنَ 51
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور اگر ہم کوئی ہوابھیجیں جس سے وہ کھیتی کو زرد دیکھیں تو ضرور اس کے بعد ناشکری کرنے لگیں گے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور اگر ہم کوئی ہوا بھیجیں جس سے وہ کھیتی کو زرد دیکھیں تو ضرور اس کے بعد ناشکری کرنے لگیں۔
Tafseer (Urdu)
{و لىن ارسلنا ریحا: اور اگر ہم کوئی ہوابھیجیں ۔} اس سے پہلی ایات میں بیان ہواکہ بارش رک جانے سے لوگ مایوس ہوجاتے ہیں اور بارش ہوتی دیکھ کر خوش ہو جاتے ہیں اور اس ایت میں بیان فرمایا کہ ان کی یہ حالت ہمیشہ نہیں رہتی بلکہ اگر ہم کوئی ایسی ہو ابھیجیں جو کھیتی اور سبزے کے لئے نقصان دہ ہوپھر وہ کھیتی کو سرسبز و شاداب ہونے کے بعد زرد دیکھیں تو ضرور کھیتی زرد ہونے کے بعد ناشکری کرنے لگیں گے اور پہلی نعمت سے بھی مکر جائیں گے۔ مراد یہ ہے کہ ان لوگوں کی حالت یہ ہے کہ جب انہیں رحمت پہنچتی ہے رزق ملتا ہے تو وہ خوش ہوجاتے ہیں اور جب کوئی سختی آتی ہے کھیتی خراب ہو تی ہے توپہلی نعمتوں سے بھی مکر جاتے ہیں حالانکہ انہیں چاہئے تو یہ تھا کہ وہ اللہ تعالی پر توکل کرتے اور جب نعمت پہنچتی توشکر بجالاتے اور جب بلا آتی توصبر کرتے اور دعا و استغفار میں مشغول ہوجاتے۔(تفسیرکبیر الروم تحت الایۃ: ۵۱ ۹ / ۱۰۹ ابو سعود الروم تحت الایۃ: ۵۱ ۴ / ۲۸۳ روح البیان الروم تحت الایۃ: ۵۱ ۷ / ۵۴ ملتقطا)