Surah Yasin Ayat 68 (36:68)
Ya-Sin · Juz 23 · Makki
وَ مَنْ نُّعَمِّرْهُ نُنَكِّسْهُ فِی الْخَلْقِؕ-اَفَلَا یَعْقِلُوْنَ 68
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور جسے ہم لمبی عمر دیتے ہیں تو خلقت و بناوٹ میں ہم اسے الٹا پھیردیتے ہیں ،تو کیا وہ سمجھتے نہیں ؟
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور جسے ہم بڑی عمر کا کریں اسے پیدائش میں الٹا پھیریں تو کیا وہ سمجھتے نہیں ۔
Tafseer (Urdu)
{و من نعمره: اور جسے ہم لمبی عمر دیتے ہیں ۔} اس ایت کا خلاصہ یہ ہے کہ اوپر بیان کی گئی سزاوں کا واقع ہونا قابل تعجب نہیں اس کی ایک نظیر پر ہماری قدرت گواہ ہے کہ جسے ہم لمبی عمر دیتے ہیں تواسے پیدائش میں الٹا پھیردیتے ہیں کہ وہ بچپن جیسی کمزوری اورناتوانی کی طرف واپس ہونے لگتا ہے اور دم بدم اس کی طاقتیں قوتیں جسم اور عقل کم ہونے لگتے ہیں تو کیا اس حالت کو دیکھ کروہ سمجھتے نہیں کہ جو احوال کو بدلنے پر ایسا قادر ہو کہ بچپن کی کمزوری ناتوانی چھوٹے جسم اور نادانی کے بعد شباب کی قوتیں توانائی مضبوط جسم اور دانائی عطا فرماتا ہےپھر بڑی عمر اور عمر کے اخری حصے میں اسی قوی ہیکل جوان کو دبلا اور حقیر کر دیتا ہے اب نہ وہ جسم باقی ہے نہ قوتیں نشست برخاست میں مجبوریاں درپیش ہیں عقل کام نہیں کرتی بات یاد نہیں رہتی عزیز و اقارب کو پہچان نہیں سکتا توجس پروردگار نے یہ تبدیلی کی وہ اس پر قادر ہے کہ آنکھیں دینے کے بعد انہیں مٹا دے اور اچھی صورتیں عطا کرنے کے بعد ان کو مسخ کر دے اور موت دینے کے بعد پھر زندہ کر دے ۔( خازن یس تحت الایۃ: ۶۸ ۴ / ۱۱ مدارک یس تحت الایۃ: ۶۸ ص۹۹۲-۹۹۳ ملتقطا)