Surah Al Ahqaf Ayat 18 (46:18)
The Wind-Curved Sandhills · Juz 26 · Makki
اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ حَقَّ عَلَیْهِمُ الْقَوْلُ فِیْۤ اُمَمٍ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِهِمْ مِّنَ الْجِنِّ وَ الْاِنْسِؕ-اِنَّهُمْ كَانُوْا خٰسِرِیْنَ 18
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariیہ وہ لوگ ہیں جن پر بات ثابت ہوچکی ہے(یہ)جنوں اور انسانوں کے ان گروہوں میں (شامل) ہیں جو ان سے پہلے گزرے ہیں ، بیشک وہ نقصان اٹھانے والے تھے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanیہ وہ ہیں جن پر بات ثابت ہوچکی ان گروہوں میں جو ان سے پہلے گزرے جن اور آدمی بیشک وہ زیاں کار تھے۔
Tafseer (Urdu)
{اولىك الذین حق علیهم القول: یہ وہ لوگ ہیں جن پر بات ثابت ہوچکی ہے۔} یعنی یہ باطل باتیں کہنے والے وہ لوگ ہیں جن پر جہنم میں داخل کئے جانے کی بات ثابت ہو چکی ہے اوریہ اپنے رب کے احکام سے سرکشی کرنے اور رسولوں کو جھٹلانے والے جنوں اور انسانوں کے ان گروہوں میں شامل ہیں جو ان سے پہلے گزرے ہیں بیشک وہ ہدایت کے بدلے گمراہی اور نعمتوں کے بدلے عذاب کو اختیار کر کے نقصان اٹھانے والے تھے۔( روح البیان الاحقاف تحت الایۃ: ۱۸ ۸ / ۴۷۷ تفسیر طبری الاحقاف تحت الایۃ: ۱۸ ۱۱ / ۲۸۸ ملتقطا) قیامت کے دن کافر اولاد اپنے مومن والدین کے ساتھ نہ ہوگی: اس ایت سے معلوم ہواکہ قیامت کے دن کافر اولاد اپنے مومن ماں باپ کے ساتھ نہ ہوگی بلکہ کفار کے ساتھ ہوگی کیونکہ یہاں فرمایا گیا کہ یہ اولاد پچھلے جن و انس کفار میں شامل ہوگی۔ قیامت میں ایمانی رشتہ معتبر ہو گا نہ کہ محض خونی رشتہ جیسے کنعان اگرچہ حضرت نوح علیہ الصلوۃ والسلام کا نسبی بیٹا تھا مگر رہا کفار کے ساتھ انہیں کے ساتھ ہلاک ہوا اور انہیں کے ساتھ جہنم میں جائے گا کیونکہ اس نے ایمان قبول نہیں کیا تھا۔ یاد رہے کہ مومن اولاد اور مومن والدین کو ایک دوسرے سے فائدہ پہنچے گا۔ والدین کے نیک اعمال سے ان کی اولاد کو فائدہ پہنچنے کے بارے میں یہ ایت ملاحظہ ہو اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے: ’’و الذین امنوا و اتبعتهم ذریتهم بایمان الحقنا بهم ذریتهم و ما التنهم من عملهم من شیء‘‘(طور:۲۱) ترجمہکنزالعرفان: اور جو لوگ ایمان لائے اور ان کی (جس) اولاد نے ایمان کے ساتھ ان کی پیروی کی توہم ان کی اولاد کو ان کے ساتھ ملادیں گے اور ان (والدین) کے عمل میں کچھ کمی نہ کریں گے۔ اولاد کے نیک اعمال سے ان کے والدین کو فائدہ پہنچنے کے بارے میں یہ حدیث ملاحظہ ہو ۔ حضرت معاذ جہنی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا’’جو قران پڑھے اور اس کے احکام پر عمل کرے تو قیامت کے دن اس کے ماں باپ کو ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی سورج کی روشنی سے اچھی ہوگی جو دنیا میں تمہارے گھروں میں چمکتا ہے تو خود اس شخص کے بارے تمہارا کیا خیال ہے جس نے اس پر عمل کیا۔( ابو داود کتاب الوتر باب فی ثواب قراء ۃ القران ۲ / ۱۰۰ الحدیث: ۱۴۵۳)