Surah Al Maidah Ayat 23 (5:23)
The Table Spread · Juz 6 · Madani
قَالَ رَجُلٰنِ مِنَ الَّذِیْنَ یَخَافُوْنَ اَنْعَمَ اللّٰهُ عَلَیْهِمَا ادْخُلُوْا عَلَیْهِمُ الْبَابَۚ-فَاِذَا دَخَلْتُمُوْهُ فَاِنَّكُمْ غٰلِبُوْنَ ﳛ وَ عَلَى اللّٰهِ فَتَوَكَّلُوْۤا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ 23
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاللہ سے ڈرنے والوں میں سے وہ دومرد جن پر اللہ نے احسان کیا تھا انہوں نے کہا : ( شہر کے) دروازے سے ان پر داخل ہوجاؤ توجب تم دروازے میں داخل ہوجاؤگے تو تم ہی غالب ہوگے اور اگر تم ایمان والے ہو تو اللہ ہی پر بھروسہ کرو۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanدو مرد کہ اللہ سے ڈرنے والوں میں تھے اللہ نے انہیں نوازا بولے کہ زبردستی دروازے میں ان پر داخل ہو اگر تم دروازے میں داخل ہوگئے تو تمہارا ہی غلبہ ہے اور اللہ ہی پر بھروسہ کرو اگر تمہیں ایمان ہے۔
Tafseer (Urdu)
{قال رجلن: دو ادمیوں نے کہا۔} بنی اسرائیل نے بزدلی دکھا دی تھی مگر دو حضرات کالب بن یوقنا اور یوشع بن نون رضی اللہ تعالی عنہما نے جرات مندی کا مظاہرہ کیا۔ یہ دونوں حضرات ان سرداروں میں سے تھے جنہیں حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام نے جبارین قوم کا حال دریافت کرنے کے لئے بھیجا تھا اور انہوں نے حالات معلوم کرنے کے بعد حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام کے فرمان کے مطابق جبارین کا حال صرف حضرت موسی علیہ الصلوۃ والسلام سے عرض کیاتھا اور دوسروں کو نہ بتایا تھا۔ ان دونوں حضرات نے قوم کو جوش دلانے کیلئے فرمایا کہ اے لوگو! شہر کے دروازے سے ان جبارین پر داخل ہوجاو اگر تم ہمت کرکے دروازے میں داخل ہوجاو تو تم ہی غالب ہوگے اور اگر تم ایمان والے ہو تو اللہ تعالی ہی پر بھروسہ کرو کیونکہ اللہ تعالی نے مدد کا وعدہ کیا ہے اور اس کا وعدہ ضرور پورا ہوناہے۔ تم جبار ین کے بڑے بڑے جسموں سے خوف نہ کھاو ہم نے انہیں دیکھا ہے ان کے جسم بڑے ہیں اور دل کمزور ہیں ان دونوں نے جب یہ کہا تو بنی اسرائیل بہت برہم ہوئے اور بجائے جوش میں انے کے الٹا انہی کے خلاف ہوگئے اور انہوں نے چاہا کہ ان پرپتھر برسادیں۔