Surah At Tur Ayat 44 (52:44)
The Mount · Juz 27 · Makki
وَ اِنْ یَّرَوْا كِسْفًا مِّنَ السَّمَآءِ سَاقِطًا یَّقُوْلُوْا سَحَابٌ مَّرْكُوْمٌ 44
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور اگر وہ آسمان سے کوئی ٹکڑا گرتاہوا دیکھیں گے تو کہیں گے کہ یہ تہہ درتہہ بادل ہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور اگر آسمان سے کوئی ٹکڑا گرتا دیکھیں تو کہیں گے تہ بہ تہ بادل ہے۔
Tafseer (Urdu)
{ و ان یروا كسفا من السمآء ساقطا: اور اگر وہ آسمان سے کوئی ٹکڑا گرتاہوا دیکھیں گے۔} کفارمکہ نے تاجدار رسالت سے مطالبہ کیا تھا کہ ’’ او تسقط السمآء كما زعمت علینا كسفا‘‘(بنی اسرائیل:۹۲) ترجمہ کنزالعرفان: یا تم ہم پر آسمان ٹکڑے ٹکڑے کر کے گرا دو جیسا تم نے کہا ہے۔ اللہ تعالی ان کے ا س مطالبے کے جواب میں فرماتا ہے کہ ان کا کفر اور عناد اس حد پر پہنچ گیا ہے کہ اگر ان پر ایسا ہی کیا جائے کہ آسمان کا کوئی ٹکڑا گرادیا جائے اور یہ لوگ آسمان سے اسے گرتے ہوئے دیکھ بھی لیں تو بھی اپنے کفر سے باز نہیں آئیں گے اور عناد کی وجہ سے یہی کہیں گے کہ یہ تو تہہ در تہہ بادل ہے اور ہم اس سے سیراب ہوں گے۔(خازن الطور تحت الایۃ: ۴۴ ۴ / ۱۸۹-۱۹۰) ا س کی نظیر یہ ایت مبارکہ ہے: ’’ و لو فتحنا علیهم بابا من السمآء فظلوا فیه یعرجون(۱۴) لقالوا انما سكرت ابصارنا بل نحن قوم مسحورون‘‘( حجر:۱۴۱۵) ترجمہ کنزالعرفان: اور اگر ہم ان کے لیے آسمان میں کوئی دروازہ کھول دیتے تاکہ دن کے وقت اس میں چڑھ جاتے۔ جب بھی وہ یہی کہتے کہ ہماری نگاہوں کو بند کردیا گیا ہے بلکہ ہم ایسی قوم ہیں جن پر جادو کیا ہوا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ جب کسی کے نصیب میں ایمان نہ ہوتو بڑا معجزہ دیکھ کر بھی اسے ہدایت نہیں مل سکتی۔