Surah Al Hadid Ayat 7 (57:7)
The Iron · Juz 27 · Madani
اٰمِنُوْا بِاللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ اَنْفِقُوْا مِمَّا جَعَلَكُمْ مُّسْتَخْلَفِیْنَ فِیْهِؕ-فَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْكُمْ وَ اَنْفَقُوْا لَهُمْ اَجْرٌ كَبِیْرٌ 7
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور (اس کی راہ میں) اس مال میں سے خرچ کرو جس میں اللہ نے تمہیں دوسروں کا جانشین بنایا ہے تو تم میں جو ایمان لائے اورانہوں نے خرچ کیا ان کے لیے بڑا ثواب ہے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاللہ اور اُس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس کی راہ میں کچھ وہ خرچ کرو جس میں تمہیں اَوروں کا جانشین کیا تو جو تم میں ایمان لائے اور اس کی راہ میں خرچ کیا اُن کے لیے بڑا ثواب ہے ۔
Tafseer (Urdu)
{امنوا بالله و رسوله: اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ۔} اللہ تعالی کی وحدانیت پر دلالت کرنے والی مختلف چیزیں بیان کرنے کے بعد اب بندوں کو ایمان قبول کرنےمحبت دنیا کو چھوڑ دینے اور نیک کاموں میں مال خرچ کرنے کا حکم دیا جا رہا ہے۔ اس ایت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ اے لوگو! اللہ تعالی کی وحدانیت کا اقرار کر کے اور جن چیزوں کو نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم اللہ تعالی کی طرف سے لائے ہیں ان میں ان کی تصدیق کر کے اللہ تعالی اور اس کے رسول پر ایمان لاو اور ان کی پیروی کرو اور جو مال اس وقت تمہارے قبضے میں ہے تم وراثت کے طور پر اس میں دوسروں کے جانشین بنے ہو اور عنقریب یہ تمہارے بعد والوں کی طرف منتقل ہو جائے گا لہذا تم پہلے لوگوں سے نصیحت حاصل کرو اور اس مال کو اللہ تعالی کی راہ میں خرچ کرنے سے بخل نہ کرو اور تم میں سے جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے اپنا مال اسی طرح خرچ کیا جیسے انہیں حکم دیا گیا تھا تو ا س بنا پر ان کے لئے بڑا ثواب ہے۔ دوسری تفسیر یہ ہے کہ اے لوگو! اللہ تعالی اورا س کے رسول پر ایمان لاو اور جو مال تمہارے قبضے میں ہے یہ سب اللہ تعالی کے ہیں اس نے تمہیں نفع اٹھانے کے لئے دے دیئے ہیں تم حقیقی طور پر ان کے مالک نہیں بلکہ نائب اور وکیل کی طرح ہوا نہیں راہ خدا میں خرچ کرو اور جس طرح نائب اور وکیل کو مالک کے حکم سے خرچ کرنے میں کوئی تامل نہیں ہوتا توتمہیں بھی کوئی تامل و تردد نہ ہو۔اور تم میں سے جو لوگ اللہ تعالی اور ا س کے رسول پر ایمان لائے اور انہوں نے اللہ تعالی کی راہ میں مال خرچ کیا ان کے لیے بڑا ثواب ہے۔( صاوی الحدید تحت الایۃ : ۷ ۶ / ۲۱۰۲-۲۱۰۳ تفسیر طبری الحدید تحت الایۃ: ۷ ۱۱ / ۶۷۱-۶۷۲ روح البیان الحدید تحت الایۃ: ۷ ۹ / ۳۵۳-۳۵۴ ملتقطا)