Surah Hud Ayat 18 (11:18)
Hud · Juz 12 · Makki
وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًاؕ-اُولٰٓىٕكَ یُعْرَضُوْنَ عَلٰى رَبِّهِمْ وَ یَقُوْلُ الْاَشْهَادُ هٰۤؤُلَآءِ الَّذِیْنَ كَذَبُوْا عَلٰى رَبِّهِمْۚ-اَلَا لَعْنَةُ اللّٰهِ عَلَى الظّٰلِمِیْنَ 18
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariاور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے؟ یہ لوگ اپنے رب کے حضور پیش کیے جائیں گے اور گواہی دینے والے کہیں گے: یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب پر جھوٹ بولا تھا۔ خبردار! ظالموں پر اللہ کی لعنت ہو۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanاور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے وہ اپنے رب کے حضور پیش کیے جائیں گے اور گواہ کہیں گے یہ ہیں جنہوں نے اپنے رب پر جھوٹ بولا تھا ارے ظا لموں پر خدا کی لعنت۔
Tafseer (Urdu)
{و من اظلم ممن افترى على الله كذبا:اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے} اس ایت اور اس کے بعد والی 4ایات میں اللہ تعالی نے کفار مکہ کی مذمت میں تقریبا 14 باتیں ارشاد فرمائی ہیں۔ اس ایت کا خلاصہ یہ ہے کہ کفار مکہ یہ کہتے تھے کہ اللہ تعالی کی بارگاہ میں بت ان کی شفاعت کریں گے اور یہ بت اللہ تعالی کے شریک ہیں نیز وہ اللہ تعالی کے لئے اولاد بھی مانتے تھے اور یہ اللہ تعالی پر صریح جھوٹ اور افتراء تھا اس لئے ان کی مذمت میں اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا کہ لوگوں میں سے اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ عزوجل پر جھوٹ باندھے اور اس کے لئے شریک و اولاد بتائے یہ جھوٹ باندھنے والے لوگ جب قیامت کے دن ذلت و رسوائی کے ساتھ اپنے رب عزوجل کے حضور پیش کیے جائیں گے تو ان سے ان کے دنیوی اعمال دریافت کئے جائیں گے انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام اور ملائکہ علیہم السلام ان کے خلاف گواہی دیں گے اورکہیں گے کہ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے دنیا میں اپنے رب عزوجلپر جھوٹ بولا تھا۔ خبردار! ظالموں پر اللہ تعالی کی لعنت ہو۔(تفسیرکبیر ہود تحت الایۃ: ۱۸ ۶ / ۳۳۱ خازن ہود تحت الایۃ: ۱۸ ۲ / ۳۴۶ ملتقطا) قیامت کے دن کافروں اور منافقوں کی رسوائی: اس سے معلوم ہوا کہ بروز قیامت کفار و منافقین کی بڑی رسوائی ہو گی بخاری و مسلم کی حدیث میں ہے کہ روز قیامت کفار اور منافقین کو تمام مخلوق کے سامنے کہا جائے گا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب عزوجل پر جھوٹ بولا تھا اور ظالموں پر خدا کی لعنت ہے(بخاری کتاب المظالم والغصب باب قول اللہ تعالی: الا لعنۃ اللہ علی الظالمین ۲ / ۱۲۶ الحدیث: ۲۴۴۱ مسلم کتاب التوبۃ باب قبول توبۃ القاتل وان کثر قتلہ ص۱۴۸۱ الحدیث: ۵۲(۲۷۶۷))اس طرح وہ تمام مخلوق کے سامنے رسوا کئے جائیں گے۔