Surah Ibrahim Ayat 31 (14:31)
Abraham · Juz 13 · Makki
قُلْ لِّعِبَادِیَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا یُقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ یُنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ سِرًّا وَّ عَلَانِیَةً مِّنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَ یَوْمٌ لَّا بَیْعٌ فِیْهِ وَ لَا خِلٰلٌ 31
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attariمیرے ان بندوں سے فرماؤ جو ایمان لائے کہ نماز قائم رکھیں اور ہمارے دئیے ہوئے میں سے کچھ ہماری راہ میں پوشیدہ اور اعلانیہ خرچ کریں اس دن کے آنے سے پہلے جس میں نہ کوئی تجارت ہوگی اور نہ دوستی۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanمیرے ان بندوں سے فرماؤ جو ایمان لائے کہ نماز قائم رکھیں اور ہمارے دئیے میں سے کچھ ہماری راہ میں چھپے اور ظاہر خرچ کریں اس دن کے آنے سے پہلے جس میں نہ سوداگری ہوگی نہ یارانہ۔
Tafseer (Urdu)
{قل لعبادی:میرے بندوں سے فرماؤ۔} یعنی اے حبیب! صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم میرے ان بندوں سے فرما دیں جو ایمان لائے کہ فرض نمازیں ان کے تما م ارکان و شرائط کے ساتھ ادا کریں اور ہمارے دئیے ہوئے رزق میں سے کچھ ہماری راہ میں پوشیدہ اور اعلانیہ اس دن کے آنے سے پہلے خرچ کریں جس میں نہ کوئی تجارت ہوگی کہ خرید و فروخت یعنی مالی معاوضے اورفد یے سے ہی کچھ نفع اٹھایا جاسکے اور نہ دوستی کہ اس سے نفع اٹھایا جائے بلکہ بہت سے دوست ایک دوسرے کے دشمن ہوجائیں گے۔ قیامت کے دن نفسانی دوستی فائدہ نہ دے گی: یاد رہے کہ اس آیت میں نفسانی اورطبعی دوستی کی نفی ہے اور ایمانی دوستی جومحبت الہی کے سبب سے ہو وہ باقی رہے گی جیسا کہ سورہ زخرف کی ایت نمبر 67 میں ارشاد باری تعالی ہے: الاخلآء یومىذۭ بعضهم لبعض عدو الا المتقین (زخرف: ۶۷) ترجمہ کنزالعرفان: اس دن گہرے دوست ایک دوسرے کے دشمن ہوجائیں گے سوائے پرہیزگاروں کے۔ (خازن ابراہیم تحت الایۃ: ۳۱ ۳ / ۸۵ ملخصا)