Surah Az Zukhruf Ayat 68 (43:68)
The Ornaments of Gold · Juz 25 · Makki
یٰعِبَادِ لَا خَوْفٌ عَلَیْكُمُ الْیَوْمَ وَ لَاۤ اَنْتُمْ تَحْزَنُوْنَ 68
Urdu translation
Kanz-ul-Irfan
Mufti Muhammad Qasim Attari۔(ان سے فرمایا جائے گا) اے میرے بندو! آج نہ تم پر خوف ہے اور نہ تم غمگین ہوگے۔
Kanz-ul-Iman
Imam Ahmad Raza Khanان سے فرمایا جائے گا اے میرے بندو آج نہ تم پر خوف نہ تم کو غم ہو۔
Tafseer (Urdu)
{یعباد: اے میرے بندو!} اس ایت ا ور اس کے بعد والی دو ایات کا خلاصہ یہ ہے کہ دینی دوستی اور اللہ تعالی کی خاطر محبت رکھنے والوں کی تعظیم اور ان کے دل خوش کرنے کے لئے ان سے فرمایا جائے گا’’ اے میرے بندو! آج نہ تم پر خوف ہے اور نہ تم غمگین ہوگے اور میرے بندے وہ ہیں جو ہماری آیتوں پر ایمان لائے اور وہ فرمانبردارتھےان سے کہا جائے گا کہ تم اور تمہاری مومنہ بیویاں جنت میں داخل ہوجائیں اورجنت میں تمہارا اکرام ہوگا نعمتیں دی جائیں گی اورایسے خوش کئے جاؤ گے کہ تمہارے چہروں پر خوشی کے آثار نمودار ہوں گے۔( ابو سعود الزخرف تحت الایۃ: ۶۸-۷۰ ۵ / ۵۵۰ ملخصا) مقاتل نے کہا کہ ’’حشر کے میدان میں ایک منادی یہ اعلان فرمائے گا ’’یعباد لا خوف علیكم الیوم‘‘ یعنی اے میرے بندو! آج تم پر کوئی خوف نہیں ہے۔تو تمام اہل محشر اپنے سروں کو اٹھا لیں گے ۔پھر وہ منادی فرمائے گا ’’الذین امنوا بایتنا و كانوا مسلمین‘‘ یعنی میرے بندے وہ ہیں جو ہماری آیتوں پر ایمان لائے اور وہ فرمانبردار تھے۔ یہ سن کر مسلمانوں کے علاوہ تمام مذاہب والے اپنے سروں کو جھکا لیں گے ۔ اورحضرت حارث محاسبی رحمۃاللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں : ’’حدیث میں ہے کہ قیامت کے دن منادی اعلان فرمائے گا ’’یعباد لا خوف علیكم الیوم و لا انتم تحزنون‘‘ تو تمام لوگ اپنے سروں کو اٹھا لیں گے اور کہیں گے: ہم اللہ تعالی کے بندے ہیں ۔پھر دوسری بار منادی فرمائے گا ’’الذین امنوا بایتنا و كانوا مسلمین‘‘ تو تمام کفار اپنے سروں کو جھکا لیں گے جبکہ اللہ تعالی کی وحدانیت کا اقرار کرنے والے اپنے سر اٹھائے رکھیں گے ۔پھر تیسری بار منادی فرمائے گا ’’الذین امنوا و كانوا یتقون‘‘ تو کبیرہ گناہ کرنے والے اپنے سروں کو جھکا لیں گے جبکہ متقی لوگ اسی طرح اپنے سر اٹھائے رکھیں گے ۔اللہ تعالی اپنے وعدے کے مطابق ان سے خوف اور غم دور کر دے گا کیونکہ وہ اکرم الاکرمین ہے وہ اپنے اولیاء کو شرمندہ نہیں ہونے دے گا۔( تفسیرقرطبی الزخرف تحت الایۃ: ۶۸ ۸ / ۸۰-۸۱ الجزء السادس عشر)